Isaiah 4 (UGV2)
1 تب سات عورتیں ایک ہی مرد سے لپٹ کر کہیں گی، ”ہم سے شادی کریں! بےشک ہم خود ہی روزمرہ کی ضروریات پوری کریں گی، خواہ کھانا ہو یا کپڑا۔ لیکن ہم آپ کے نام سے کہلائیں تاکہ ہماری شرمندگی دُور ہو جائے۔“ 2 اُس دن جو کچھ رب پھوٹنے دے گا وہ شاندار اور جلالی ہو گا، ملک کی پیداوار بچے ہوئے اسرائیلیوں کے لئے فخر اور آب و تاب کا باعث ہو گی۔ 3 تب جو بھی صیون میں باقی رہ گئے ہوں گے وہ مُقدّس کہلائیں گے۔ یروشلم کے جن باشندوں کے نام زندوں کی فہرست میں درج کئے گئے ہیں وہ بچ کر مُقدّس کہلائیں گے۔ 4 رب صیون کی فضلہ سے لت پت بیٹیوں کو دھو کر پاک صاف کرے گا، وہ عدالت اور تباہی کی روح سے یروشلم کی خوں ریزی کے دھبے دُور کر دے گا۔ 5 پھر رب ہونے دے گا کہ دن کو بادل صیون کے پورے پہاڑ اور اُس پر جمع ہونے والوں پر سایہ ڈالے جبکہ رات کو دھواں اور دہکتی آگ کی چمک دمک اُس پر چھائی رہے۔ یوں اُس پورے شاندار علاقے پر سائبان ہو گا 6 جو اُسے جُھلستی دھوپ سے محفوظ رکھے گا اور طوفان اور بارش سے پناہ دے گا۔