Psalms 43 (UGV2)
1 اے اللہ، میرا انصاف کر! میرے لئے غیرایمان دار قوم سے لڑ، مجھے دھوکے باز اور شریر آدمیوں سے بچا۔ 2 کیونکہ تُو میری پناہ کا خدا ہے۔ تُو نے مجھے کیوں رد کیا ہے؟ مَیں اپنے دشمن کے ظلم کے باعث کیوں ماتمی لباس پہنے پھروں؟ 3 اپنی روشنی اور سچائی کو بھیج تاکہ وہ میری راہنمائی کر کے مجھے تیرے مُقدّس پہاڑ اور تیری سکونت گاہ کے پاس پہنچائیں۔ 4 تب مَیں اللہ کی قربان گاہ کے پاس آؤں گا، اُس خدا کے پاس جو میری خوشی اور فرحت ہے۔ اے اللہ میرے خدا، وہاں مَیں سرود بجا کر تیری ستائش کروں گا۔ 5 اے میری جان، تُو غم کیوں کھا رہی ہے، بےچینی سے کیوں تڑپ رہی ہے؟ اللہ کے انتظار میں رہ، کیونکہ مَیں دوبارہ اُس کی ستائش کروں گا جو میرا خدا ہے اور میرے دیکھتے دیکھتے مجھے نجات دیتا ہے۔