Psalms 70 (UGV2)
1 داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ یادداشت کے لئے۔اے اللہ، جلدی سے آ کر مجھے بچا! اے رب، میری مدد کرنے میں جلدی کر! 2 میرے جانی دشمن شرمندہ ہو جائیں، اُن کی سخت رُسوائی ہو جائے۔ جو میری مصیبت دیکھنے سے لطف اُٹھاتے ہیں وہ پیچھے ہٹ جائیں، اُن کا منہ کالا ہو جائے۔ 3 جو میری مصیبت دیکھ کر قہقہہ لگاتے ہیں وہ شرم کے مارے پشت دکھائیں۔ 4 لیکن تیرے طالب شادمان ہو کر تیری خوشی منائیں۔ جنہیں تیری نجات پیاری ہے وہ ہمیشہ کہیں، ”اللہ عظیم ہے!“ 5 لیکن مَیں ناچار اور محتاج ہوں۔ اے اللہ، جلدی سے میرے پاس آ! تُو ہی میرا سہارا اور میرا نجات دہندہ ہے۔ اے رب، دیر نہ کر!