Leviticus 21 (UGV2)
1 رب نے موسیٰ سے کہا، ”ہارون کے بیٹوں کو جو امام ہیں بتا دینا کہ امام اپنے آپ کو کسی اسرائیلی کی لاش کے قریب جانے سے ناپاک نہ کرے 2 سوائے اپنے قریبی رشتے داروں کے یعنی ماں، باپ، بیٹا، بیٹی، بھائی 3 اور جو غیرشادی شدہ بہن اُس کے گھر میں رہتی ہے۔ 4 وہ اپنی قوم میں کسی اَور کے باعث اپنے آپ کو ناپاک نہ کرے، ورنہ اُس کی مُقدّس حالت جاتی رہے گی۔ 5 امام اپنے سر کو نہ منڈوائیں۔ وہ نہ اپنی داڑھی کو تراشیں اور نہ کاٹنے سے اپنے آپ کو زخمی کریں۔ 6 وہ اپنے خدا کے لئے مخصوص و مُقدّس رہیں اور اپنے خدا کے نام کو داغ نہ لگائیں۔ چونکہ وہ رب کو جلنے والی قربانیاں یعنی اپنے خدا کی روٹی پیش کرتے ہیں اِس لئے لازم ہے کہ وہ مُقدّس رہیں۔ 7 امام زناکار عورت، مندر کی کسبی یا طلاق یافتہ عورت سے شادی نہ کریں، کیونکہ وہ اپنے رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہیں۔ 8 امام کو مُقدّس سمجھنا، کیونکہ وہ تیرے خدا کی روٹی کو قربان گاہ پر چڑھاتا ہے۔ وہ تیرے لئے مُقدّس ٹھہرے کیونکہ مَیں رب قدوس ہوں۔ مَیں ہی تمہیں مُقدّس کرتا ہوں۔ 9 کسی امام کی جو بیٹی زناکاری سے اپنی مُقدّس حالت کو ختم کر دیتی ہے وہ اپنے باپ کی مُقدّس حالت کو بھی ختم کر دیتی ہے۔ اُسے جلا دیا جائے۔ 10 امامِ اعظم کے سر پر مسح کا تیل اُنڈیلا گیا ہے اور اُسے امامِ اعظم کے مُقدّس کپڑے پہننے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اِس لئے وہ رنج کے عالم میں اپنے بالوں کو بکھرنے نہ دے، نہ کبھی اپنے کپڑوں کو پھاڑے۔ 11 وہ کسی لاش کے قریب نہ جائے، چاہے وہ اُس کے باپ یا ماں کی لاش کیوں نہ ہو، ورنہ وہ ناپاک ہو جائے گا۔ 12 جب تک کوئی لاش اُس کے گھر میں پڑی رہے وہ مقدِس کو چھوڑ کر اپنے گھر نہ جائے، ورنہ وہ مقدِس کو ناپاک کرے گا۔ کیونکہ اُسے اُس کے خدا کے تیل سے مخصوص کیا گیا ہے۔ مَیں رب ہوں۔ 13 امامِ اعظم کو صرف کنواری سے شادی کی اجازت ہے۔ 14 وہ بیوہ، طلاق یافتہ عورت، مندر کی کسبی یا زناکار عورت سے شادی نہ کرے بلکہ صرف اپنے قبیلے کی کنواری سے، 15 ورنہ اُس کی اولاد مخصوص و مُقدّس نہیں ہو گی۔ کیونکہ مَیں رب ہوں جو اُسے اپنے لئے مخصوص و مُقدّس کرتا ہوں۔“ 16 رب نے موسیٰ سے یہ بھی کہا، 17 ”ہارون کو بتانا کہ تیری اولاد میں سے کوئی بھی جس کے جسم میں نقص ہو میرے حضور آ کر اپنے خدا کی روٹی نہ چڑھائے۔ یہ اصول آنے والی نسلوں کے لئے بھی اٹل ہے۔ 18 کیونکہ کوئی بھی معذور میرے حضور نہ آئے، نہ اندھا، نہ لنگڑا، نہ وہ جس کی ناک چِری ہوئی ہو یا جس کے کسی عضو میں کمی بیشی ہو، 19 نہ وہ جس کا پاؤں یا ہاتھ ٹوٹا ہوا ہو، 20 نہ کُبڑا، نہ بونا، نہ وہ جس کی آنکھ میں نقص ہو یا جسے وبائی جِلدی بیماری ہو یا جس کے خصیے کچلے ہوئے ہوں۔ 21 ہارون امام کی کوئی بھی اولاد جس کے جسم میں نقص ہو میرے حضور آ کر رب کو جلنے والی قربانیاں پیش نہ کرے۔ چونکہ اُس میں نقص ہے اِس لئے وہ میرے حضور آ کر اپنے خدا کی روٹی نہ چڑھائے۔ 22 اُسے اللہ کی مُقدّس بلکہ مُقدّس ترین قربانیوں میں سے بھی اماموں کا حصہ کھانے کی اجازت ہے۔ 23 لیکن چونکہ اُس میں نقص ہے اِس لئے وہ مُقدّس ترین کمرے کے دروازے کے پردے کے قریب نہ جائے، نہ قربان گاہ کے پاس آئے۔ ورنہ وہ میری مُقدّس چیزوں کو ناپاک کرے گا۔ کیونکہ مَیں رب ہوں جو اُنہیں اپنے لئے مخصوص و مُقدّس کرتا ہوں۔“ 24 موسیٰ نے یہ ہدایات ہارون، اُس کے بیٹوں اور تمام اسرائیلیوں کو دیں۔