Romans 16 (UGV2)
1 ہماری بہن فیبے آپ کے پاس آ رہی ہے۔ وہ کنخریہ شہر کی جماعت میں خادمہ ہے۔ مَیں اُس کی سفارش کرتا ہوں 2 بلکہ خداوند میں عرض ہے کہ آپ اُس کا ویسے ہی استقبال کریں جیسے کہ مُقدّسین کو کرنا چاہئے۔ جس معاملے میں بھی اُسے آپ کی مدد کی ضرورت ہو اُس میں اُس کا ساتھ دیں، کیونکہ اُس نے بہت لوگوں کی بلکہ میری بھی مدد کی ہے۔ 3 پرسکلہ اور اکوِلہ کو میرا سلام دینا جو مسیح عیسیٰ میں میرے ہم خدمت رہے ہیں۔ 4 اُنہوں نے میرے لئے اپنی جان پر کھیلا۔ نہ صرف مَیں بلکہ غیریہودیوں کی جماعتیں اُن کی احسان مند ہیں۔ 5 اُن کے گھر میں جمع ہونے والی جماعت کو بھی میرا سلام دینا۔میرے عزیز دوست اپنیتس کو میرا سلام دینا۔ وہ صوبہ آسیہ میں مسیح کا پہلا پیروکار یعنی اُس علاقے کی فصل کا پہلا پھل تھا۔ 6 مریم کو میرا سلام جس نے آپ کے لئے بڑی محنت مشقت کی ہے۔ 7 اندرنیکس اور یونیہ کو میرا سلام۔ وہ میرے ہم وطن ہیں اور جیل میں میرے ساتھ وقت گزارا ہے۔ رسولوں میں وہ نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، اور وہ مجھ سے پہلے مسیح کے پیچھے ہو لئے تھے۔ 8 امپلیاطس کو سلام۔ وہ خداوند میں مجھے عزیز ہے۔ 9 مسیح میں ہمارے ہم خدمت اُربانس کو سلام اور اِسی طرح میرے عزیز دوست استخُس کو بھی۔ 10 اپیلس کو سلام جس کی مسیح کے ساتھ وفاداری کو آزمایا گیا ہے۔ ارستبولس کے گھر والوں کو سلام۔ 11 میرے ہم وطن ہیرودیون کو سلام اور اِسی طرح نرکسس کے اُن گھر والوں کو بھی جو مسیح کے پیچھے ہو لئے ہیں۔ 12 تروفینہ اور تروفوسہ کو سلام جو خداوند کی خدمت میں محنت مشقت کرتی ہیں۔ میری عزیز بہن پرسس کو سلام جس نے خداوند کی خدمت میں بڑی محنت مشقت کی ہے۔ 13 ہمارے خداوند کے چنے ہوئے بھائی روفس کو سلام اور اِسی طرح اُس کی ماں کو بھی جو میری ماں بھی ہے۔ 14 اسنکرتس، فلگون، ہرمیس، پتروباس، ہرماس اور اُن کے ساتھی بھائیوں کو میرا سلام دینا۔ 15 فللگس اور یولیہ، نیریوس اور اُس کی بہن، المپاس اور اُن کے ساتھ تمام مُقدّسین کو سلام۔ 16 ایک دوسرے کو مُقدّس بوسہ دے کر سلام کریں۔ مسیح کی تمام جماعتوں کی طرف سے آپ کو سلام۔ 17 بھائیو، مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ اُن سے خبردار رہیں جو پارٹی بازی اور ٹھوکر کا باعث بنتے ہیں۔ یہ اُس تعلیم کے خلاف ہے جو آپ کو دی گئی ہے۔ اُن سے کنارہ کریں 18 کیونکہ ایسے لوگ ہمارے خداوند مسیح کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ اپنے پیٹ کی۔ وہ اپنی میٹھی اور چِکنی چپڑی باتوں سے سادہ لوح لوگوں کے دلوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ 19 آپ کی فرماں برداری کی خبر سب تک پہنچ گئی ہے۔ یہ دیکھ کر مَیں آپ کے بارے میں خوش ہوں۔ لیکن مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اچھا کام کرنے کے لحاظ سے دانش مند اور بُرا کام کرنے کے لحاظ سے بےقصور ہوں۔ 20 سلامتی کا خدا جلد ہی ابلیس کو آپ کے پاؤں تلے کچلوا ڈالے گا۔ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ کے ساتھ ہو۔ 21 میرا ہم خدمت تیمُتھیُس آپ کو سلام دیتا ہے، اور اِسی طرح میرے ہم وطن لوکیُس، یاسون اور سوسپطرس۔ 22 مَیں، ترتیُس اِس خط کا کاتب ہوں۔ میری طرف سے بھی خداوند میں آپ کو سلام۔ 23 گیُس کی طرف سے آپ کو سلام۔ مَیں اور پوری جماعت اُس کے مہمان رہے ہیں۔ شہر کے خزانچی اراستس اور ہمارے بھائی کوارتُس بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ 24 [ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ سب کے ساتھ ہوتا رہے۔] 25 اللہ کی تمجید ہو، جو آپ کو مضبوط کرنے پر قادر ہے، کیونکہ عیسیٰ مسیح کے بارے میں اُس خوش خبری سے جو مَیں سناتا ہوں اور اُس بھید کے انکشاف سے جو ازل سے پوشیدہ رہا وہ آپ کو قائم رکھ سکتا ہے۔ 26 اب اِس بھید کی حقیقت نبیوں کے صحیفوں سے ظاہر کی گئی ہے اور ابدی خدا کے حکم پر تمام قوموں کو معلوم ہو گئی ہے تاکہ سب ایمان لا کر اللہ کے تابع ہو جائیں۔ 27 اللہ کی تمجید ہو جو واحد دانش مند ہے۔ اُسی کا عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے ابد تک جلال ہوتا رہے! آمین۔