Deuteronomy 8 (UGV2)
1 احتیاط سے اُن تمام احکام پر عمل کرو جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں۔ کیونکہ ایسا کرنے سے تم جیتے رہو گے، تعداد میں بڑھو گے اور جا کر اُس ملک پر قبضہ کرو گے جس کا وعدہ رب نے تمہارے باپ دادا سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ 2 وہ پورا وقت یاد رکھ جب رب تیرا خدا ریگستان میں 40 سال تک تیری راہنمائی کرتا رہا تاکہ تجھے عاجز کر کے آزمائے اور معلوم کرے کہ کیا تُو اُس کے احکام پر چلے گا کہ نہیں۔ 3 اُس نے تجھے عاجز کر کے بھوکے ہونے دیا، پھر تجھے مَن کھلایا جس سے نہ تُو اور نہ تیرے باپ دادا واقف تھے۔ کیونکہ وہ تجھے سکھانا چاہتا تھا کہ انسان کی زندگی صرف روٹی پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ ہر اُس بات پر جو رب کے منہ سے نکلتی ہے۔ 4 اِن 40 سالوں کے دوران تیرے کپڑے نہ گھسے نہ پھٹے، نہ تیرے پاؤں سوجے۔ 5 چنانچہ دل میں جان لے کہ جس طرح باپ اپنے بیٹے کی تربیت کرتا ہے اُسی طرح رب ہمارا خدا ہماری تربیت کرتا ہے۔ 6 رب اپنے خدا کے احکام پر عمل کر کے اُس کی راہوں پر چل اور اُس کا خوف مان۔ 7 کیونکہ وہ تجھے ایک بہترین ملک میں لے جا رہا ہے جس میں نہریں اور ایسے چشمے ہیں جو پہاڑیوں اور وادیوں کی زمین سے پھوٹ نکلتے ہیں۔ 8 اُس کی پیداوار اناج، جَو، انگور، انجیر، انار، زیتون اور شہد ہے۔ 9 اُس میں روٹی کی کمی نہیں ہو گی، اور تُو کسی چیز سے محروم نہیں رہے گا۔ اُس کے پتھروں میں لوہا پایا جاتا ہے، اور کھدائی سے تُو اُس کی پہاڑیوں سے تانبا حاصل کر سکے گا۔ 10 جب تُو کثرت کا کھانا کھا کر سیر ہو جائے گا تو پھر رب اپنے خدا کی تمجید کرنا جس نے تجھے یہ شاندار ملک دیا ہے۔ 11 خبردار، رب اپنے خدا کو نہ بھول اور اُس کے اُن احکام پر عمل کرنے سے گریز نہ کر جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں۔ 12 کیونکہ جب تُو کثرت کا کھانا کھا کر سیر ہو جائے گا، تُو شاندار گھر بنا کر اُن میں رہے گا 13 اور تیرے ریوڑ، سونے چاندی اور باقی تمام مال میں اضافہ ہو گا 14 تو کہیں تُو مغرور ہو کر رب اپنے خدا کو بھول نہ جائے جو تجھے مصر کی غلامی سے نکال لایا۔ 15 جب تُو اُس وسیع اور ہول ناک ریگستان میں سفر کر رہا تھا جس میں زہریلے سانپ اور بچھو تھے تو وہی تیری راہنمائی کرتا رہا۔ پانی سے محروم اُس علاقے میں وہی سخت پتھر میں سے پانی نکال لایا۔ 16 ریگستان میں وہی تجھے مَن کھلاتا رہا، جس سے تیرے باپ دادا واقف نہ تھے۔ اِن مشکلات سے وہ تجھے عاجز کر کے آزماتا رہا تاکہ آخرکار تُو کامیاب ہو جائے۔ 17 جب تجھے کامیابی حاصل ہو گی تو یہ نہ کہنا کہ مَیں نے اپنی ہی قوت اور طاقت سے یہ سب کچھ حاصل کیا ہے۔ 18 بلکہ رب اپنے خدا کو یاد کرنا جس نے تجھے دولت حاصل کرنے کی قابلیت دی ہے۔ کیونکہ وہ آج بھی اُسی عہد پر قائم ہے جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔ 19 رب اپنے خدا کو نہ بھولنا، اور نہ دیگر معبودوں کے پیچھے پڑ کر اُنہیں سجدہ اور اُن کی خدمت کرنا۔ ورنہ مَیں خود گواہ ہوں کہ تم یقیناً ہلاک ہو جاؤ گے۔ 20 اگر تم رب اپنے خدا کی اطاعت نہیں کرو گے تو پھر وہ تمہیں اُن قوموں کی طرح تباہ کر دے گا جو تم سے پہلے اِس ملک میں رہتی تھیں۔
In Other Versions
Deuteronomy 8 in the BOHNTLTAL
Deuteronomy 8 in the KBT1ETNIK
Deuteronomy 8 in the TBIAOTANT