Leviticus 15 (UGV2)
1 رب نے موسیٰ اور ہارون سے کہا، 2 ”اسرائیلیوں کو بتانا کہ اگر کسی مرد کو جریان کا مرض ہو تو وہ خارج ہونے والے مائع کے سبب سے ناپاک ہے، 3 چاہے مائع بہتا رہتا ہو یا رُک گیا ہو۔ 4 جس چیز پر بھی مریض لیٹتا یا بیٹھتا ہے وہ ناپاک ہے۔ 5 5-6 جو بھی اُس کے لیٹنے کی جگہ کو چھوئے یا اُس کے بیٹھنے کی جگہ پر بیٹھ جائے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 7 اِسی طرح جو بھی ایسے مریض کو چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 8 اگر مریض کسی پاک شخص پر تھوکے تو یہی کچھ کرنا ہے اور وہ شخص شام تک ناپاک رہے گا۔ 9 جب ایسا مریض کسی جانور پر سوار ہوتا ہے تو ہر چیز جس پر وہ بیٹھ جاتا ہے ناپاک ہے۔ 10 جو بھی ایسی چیز چھوئے یا اُسے اُٹھا کر لے جائے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 11 جس کسی کو بھی مریض اپنے ہاتھ دھوئے بغیر چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 12 مٹی کا جو برتن ایسا مریض چھوئے اُسے توڑ دیا جائے۔ لکڑی کا جو برتن وہ چھوئے اُسے خوب دھویا جائے۔ 13 جسے اِس مرض سے شفا ملی ہے وہ سات دن انتظار کرے۔ اِس کے بعد وہ تازہ پانی سے اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ پھر وہ پاک ہو جائے گا۔ 14 آٹھویں دن وہ دو قمریاں یا دو جوان کبوتر لے کر ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے امام کو دے۔ 15 امام اُن میں سے ایک کو گناہ کی قربانی کے طور پر اور دوسرے کو بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر چڑھائے۔ یوں وہ رب کے سامنے اُس کا کفارہ دے گا۔ 16 اگر کسی مرد کا نطفہ خارج ہو جائے تو وہ اپنے پورے جسم کو دھو لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 17 ہر کپڑا یا چمڑا جس سے نطفہ لگ گیا ہو اُسے دھونا ہے۔ وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔ 18 اگر مرد اور عورت کے ہم بستر ہونے پر نطفہ خارج ہو جائے تو لازم ہے کہ دونوں نہا لیں۔ وہ شام تک ناپاک رہیں گے۔ 19 ماہواری کے وقت عورت سات دن تک ناپاک ہے۔ جو بھی اُسے چھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 20 اِس دوران جس چیز پر بھی وہ لیٹتی یا بیٹھتی ہے وہ ناپاک ہے۔ 21 21-23 جو بھی اُس کے لیٹنے کی جگہ کو چھوئے یا اُس کے بیٹھنے کی جگہ پر بیٹھ جائے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 24 اگر مرد عورت سے ہم بستر ہو اور اُسی وقت ماہواری کے دن شروع ہو جائیں تو مرد خون لگنے کے باعث سات دن تک ناپاک رہے گا۔ جس چیز پر بھی وہ لیٹتا ہے وہ ناپاک ہو جائے گی۔ 25 اگر کسی عورت کو ماہواری کے دن چھوڑ کر کسی اَور وقت کئی دنوں تک خون آئے یا خون ماہواری کے دنوں کے بعد بھی جاری رہے تو وہ ماہواری کے دنوں کی طرح اُس وقت تک ناپاک رہے گی جب تک خون رُک نہ جائے۔ 26 جس چیز پر بھی وہ لیٹتی یا بیٹھتی ہے وہ ناپاک ہے۔ 27 جو بھی ایسی چیز کو چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28 خون کے رُک جانے پر عورت مزید سات دن انتظار کرے۔ پھر وہ پاک ہو گی۔ 29 آٹھویں دن وہ دو قمریاں یا دو جوان کبوتر لے کر ملاقات کے خیمے کے دروازے پر امام کے پاس آئے۔ 30 امام اُن میں سے ایک کو گناہ کی قربانی کے لئے اور دوسرے کو بھسم ہونے والی قربانی کے لئے چڑھائے۔ یوں وہ رب کے سامنے اُس کی ناپاکی کا کفارہ دے گا۔ 31 لازم ہے کہ اسرائیلیوں کو ایسی چیزوں سے دُور رکھا جائے جن سے وہ ناپاک ہو جائیں۔ ورنہ میرا وہ مقدِس جو اُن کے درمیان ہے اُن سے ناپاک ہو جائے گا اور وہ ہلاک ہو جائیں گے۔ 32 لازم ہے کہ اِس قسم کے معاملوں سے ایسے نپٹو جیسے بیان کیا گیا ہے۔ اِس میں وہ مرد شامل ہے جو جریان کا مریض ہے اور وہ جو نطفہ خارج ہونے کے باعث ناپاک ہے۔ 33 اِس میں وہ عورت بھی شامل ہے جس کے ماہواری کے ایام ہیں اور وہ مرد جو ناپاک عورت سے ہم بستر ہو جاتا ہے۔“