2 Timothy 1 (UGV2)
1 یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے تاکہ اُس وعدہ کی ہوئی زندگی کا پیغام سنائے جو ہمیں مسیح عیسیٰ میں حاصل ہوتی ہے۔ 2 مَیں اپنے پیارے بیٹے تیمُتھیُس کو لکھ رہا ہوں۔خدا باپ اور ہمارا خداوند مسیح عیسیٰ آپ کو فضل، رحم اور سلامتی عطا کریں۔ 3 مَیں آپ کے لئے خدا کا شکر کرتا ہوں جس کی خدمت مَیں اپنے باپ دادا کی طرح صاف ضمیر سے کرتا ہوں۔ دن رات مَیں لگاتار آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھتا ہوں۔ 4 مجھے آپ کے آنسو یاد آتے ہیں، اور مَیں آپ سے ملنے کا آرزومند ہوں تاکہ خوشی سے بھر جاؤں۔ 5 مجھے خاص کر آپ کا مخلص ایمان یاد ہے جو پہلے آپ کی نانی لوئس اور ماں یوُنیکے رکھتی تھیں۔ اور مجھے یقین ہے کہ آپ بھی یہی ایمان رکھتے ہیں۔ 6 یہی وجہ ہے کہ مَیں آپ کو ایک بات یاد دلاتا ہوں۔ اللہ نے آپ کو اُس وقت ایک نعمت سے نوازا جب مَیں نے آپ پر ہاتھ رکھے۔ آپ کو اِس نعمت کی آگ کو نئے سرے سے بھڑکانے کی ضرورت ہے۔ 7 کیونکہ جس روح سے اللہ نے ہمیں نوازا ہے وہ ہمیں بزدل نہیں بناتا بلکہ ہمیں قوت، محبت اور نظم و ضبط دلاتا ہے۔ 8 اِس لئے ہمارے خداوند کے بارے میں گواہی دینے سے نہ شرمائیں، نہ مجھ سے جو مسیح کی خاطر قیدی ہوں۔ اِس کے بجائے میرے ساتھ اللہ کی قوت سے مدد لے کر اُس کی خوش خبری کی خاطر دُکھ اُٹھائیں۔ 9 کیونکہ اُس نے ہمیں نجات دے کر مُقدّس زندگی گزارنے کے لئے بُلایا۔ اور یہ چیزیں ہمیں اپنی محنت سے نہیں ملیں بلکہ اللہ کے ارادے اور فضل سے۔ یہ فضل زمانوں کی ابتدا سے پہلے ہمیں مسیح میں دیا گیا 10 لیکن اب ہمارے نجات دہندہ مسیح عیسیٰ کی آمد سے ظاہر ہوا۔ مسیح ہی نے موت کو نیست کر دیا۔ اُسی نے اپنی خوش خبری کے ذریعے لافانی زندگی روشنی میں لا کر ہم پر ظاہر کر دی ہے۔ 11 اللہ نے مجھے یہی خوش خبری سنانے کے لئے مناد، رسول اور اُستاد مقرر کیا ہے۔ 12 اِسی وجہ سے مَیں دُکھ اُٹھا رہا ہوں۔ توبھی مَیں شرماتا نہیں، کیونکہ مَیں اُسے جانتا ہوں جس پر مَیں ایمان لایا ہوں، اور مجھے پورا یقین ہے کہ جو کچھ مَیں نے اُس کے حوالے کر دیا ہے اُسے وہ اپنی آمد کے دن تک محفوظ رکھنے کے قابل ہے۔ 13 اُن صحت بخش باتوں کے مطابق چلتے رہیں جو آپ نے مجھ سے سن لی ہیں، اور یوں ایمان اور محبت کے ساتھ مسیح عیسیٰ میں زندگی گزاریں۔ 14 جو بیش قیمت چیز آپ کے حوالے کر دی گئی ہے اُسے روح القدس کی مدد سے جو ہم میں سکونت کرتا ہے محفوظ رکھیں۔ 15 آپ کو معلوم ہے کہ صوبہ آسیہ میں تمام لوگوں نے مجھے ترک کر دیا ہے۔ اِن میں فوگلس اور ہرمگنیس بھی شامل ہیں۔ 16 خداوند اُنیسفرس کے گھرانے پر رحم کرے، کیونکہ اُس نے کئی دفعہ مجھے تر و تازہ کیا۔ ہاں، وہ اِس سے کبھی نہ شرمایا کہ مَیں قیدی ہوں۔ 17 بلکہ جب وہ روم شہر پہنچا تو بڑی کوششوں سے میرا کھوج لگا کر مجھے ملا۔ 18 خداوند کرے کہ وہ قیامت کے دن خداوند سے رحم پائے۔ آپ خود بہتر جانتے ہیں کہ اُس نے اِفسس میں کتنی خدمت کی۔